کبھی کوئی ایمرجنسی آجائے اور گھر میں کوئی دوا بھی نہ ہو تو گھبرائیے نہیں کیونکہ آپ کے کچن میں ہی ایسے متعدد پین کلرز موجود ہیں جن سے فوری طور پر آرام تو ملے گا ہی ساتھ ہی ادویات کے سائیڈ افیکٹس کا بھی کوئی خوف نہیں رہے گا۔ کئی بار گھر کے ممبروں نے ان سب کو آزماکر آپ کو آرام پہنچایا ہوگا اور اگر آپ ان پین کلرز یا درد سے نجات حاصل کرنے کے طریقوں کو بھول گئے ہیں تو آئیے ہم آپ کو یاد دلاتے ہیں۔
جب تیز سر درد ہو تو
٭سوکھے ادرک کو پانی کے ساتھ پیس کر اس کا پیسٹ بنا لیں اور اسے اپنے ماتھے پر لگائیں۔ اسے لگانے پر ہلکی جلن ضرور ہوگی لیکن یہ سر درد دور کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔
٭تناؤ یا تھکاوٹ سے سردرد ہو رہا ہو تو ڈیپ فریز میں سے تھوڑے سے منجمد مٹر نکالیں اور سر پر 5-10منٹ تک رکھیں درد ختم ہو جائے گا۔ انہیں آپ فرج میں رکھ کر دوبارہ بھی استعمال کر سکتی ہیں۔
٭ایک چمچ اجوائن کو بھون لیں اور صاف سوتی کپڑے میں باندھ کر ناک کے پاس لا کر گہری سانس لینے سے بھی سر درد میں راحت ملتی ہے۔
٭کچھ اور نہ ملے تو برف کی سینکائی کرنے پر سر درد میں بہت فائدہ ملتا ہے۔
٭روزانہ صبح خالی پیٹ ایک سیب کھانے سے سر درد کی پریشانی سے چھٹکارا ملتا ہے۔ یوں بھی ڈاکٹر کہتے ہیں کہ صبح ایک سیب کھانے سے آپ کئی بیماریوں سے خود کو دور رکھ سکتے ہیں۔
تیزابیت اور پیٹ درد ہونے پر
٭تیزابیت ہونے پر ایک چٹکی سوڈا، آدھا چمچ بھنا اور پسا ہوا زیرہ، 8 بوند یں لیمو کا رس اور ذائقہ کے مطابق نمک پانی میں ملا کر پینے سے تیزابیت میں راحت ملتی ہے۔
٭ایک کپ پانی میں ایک چٹکی کھانے والا سوڈا ڈال کر پینے سے پیٹ درد میں راحت ملتی ہے۔
٭آدھا چمچ ہلدی میں آدھا چمچ کالا نمک ملا کر گرم پانی کے ساتھ پھانکنے سے پیٹ درد اور گیس سے راحت ملتی ہے۔
٭ایک چمچ میتھی دانہ میں چٹکی بھر پسی ہوئی ہینگ ملا کر پانی کے ساتھ پھانکنے سے پیٹ درد میں آرام ملتا ہے۔
زخم ہوں تو گھبرائیں نہیں
٭ہلدی میں اینٹیسپٹک ، اینٹی بائیوٹک اور درد کش جز پائے گئے ہیں۔ یہ جز چوٹ کے درد اور سوجن کو کم کرنے میں مددگار ہوتے ہیں۔ زخم پر ہلدی کا لیپ لگانے سے وہ ٹھیک ہو جاتے ہیں۔ چوٹ لگنے پر دودھ میں ہلدی ڈال کر پینے سے درد میں راحت ملتی ہے۔
٭چوٹ لگنے پر بہتے خون کو روکنے میں برف کی سکائی کر لیں۔
گلے میں خراش ہو
٭ایک چمچ تلسی کے پتوں کا رس شہد میں ملا لیں۔ ہلکا نیم گرم کر کے کھانے سے گلے کی خراش اور درد دور ہوتا ہے۔
٭ کھانسی میں بھی تلسی کا رس بہت فائدہ مند ہوتا ہے۔
٭ ادرک کے رس کو شہد میں ملا کر لیں۔ یہ بند گلے میں بہتر سیرپ کا کام کرے گا۔
جوڑوں کا درد کرے پریشان تو
٭میتھی کے لڈو کھانے سے جوڑوں کے در د میں فائدہ ملتا ہے۔
٭ جوڑوں کے درد میں کریلے کا رس درد والی جگہ پر لگانے سے کافی راحت ملتی ہے۔
دمہ کا مسئلہ ستائے تو
٭ایک پکے کیلے کو چھلکے سمیت سینک کر بعد میں اس کا چھلکا ہٹا کر کیلے کے ٹکڑوں میں پسی کالی مرچ ڈال کر گرما گرم دمے کے مریض کو دینا چاہئے۔
٭ تلسی کے پتوں کو اچھی طرح سے صاف کر ان میں پسی کالی مرچ ڈال کر کھانے کے ساتھ دینے سے دمہ کنٹرول میں رہتا ہے۔
٭گرم پانی میں اجوائن ڈال کر بھانپ لینے سے بھی دمہ کنٹرول ہوتا ہے۔
آنکھوں میں سوجن ہو جائے تو
٭ٹھنڈے پانی میں ٹی بیگ کو ڈبو کر کچھ دیر کے لئے آنکھوں پر رکھیں، آنکھوں کو راحت ملے گی۔
٭فرج میں رکھی ملائی لگانے سے بھی آنکھوں کی سوجن اور جلن سے راحت ملے گی۔
٭آنکھوں کی پتلیوں پر برف کا ٹکڑا ملیں۔
جب ہو جائے ہائی بلڈپریشر
٭کچھ دنوں تک مسلسل آدھا چمچ میتھی دانہ کا پاؤڈر پانی کے ساتھ لینے سے فائدہ ملتا ہے۔
٭تلسی کے پانچ پتے اور نیم کے دو پتے ، کچھ دنوں تک لینے سے ہائی بلڈپریشر میں فائدہ ملے گا۔
٭تانبے کے برتن میں رکھا ہوا پانی پینے سے کافی فائدہ ہوتا ہے۔
٭دو کلی لہسن کی صبح خالی پیٹ لینے کی عادت بنائیں۔
٭لوکی کا ایک کپ رس صبح خالی پیٹ لینے سے ہائی بلڈپریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
چہرہ بنے خوبصورت
٭رات کو سونے سے پہلے ترپھلا چورن نیم گرم پانی کے ساتھ روزانہ لیں۔
٭ایک بالٹی ٹھنڈے یا گرم پانی میں دو لیمووں کا رس ملا کر گرمیوں میں کچھ مہینے تک نہانے سے جلد کا رنگ نکھر نے لگتا ہے۔
٭گاجر کا رس آدھا گلاس خالی پیٹ صبح شام لینے سے ایک ماہ میں رنگ نکھرنے لگتا ہے۔
٭روزانہ صبح اور رات کو کھانا کھانے کے بعد تھوڑی مقدار میں سونف کھانے سے خون صاف ہونے لگتا ہے اور جلد کی رنگت بدلنے لگتی ہے۔
اسپانڈیلائٹس کے درد میں
٭اسپانڈیلائٹس یا گردن کے درد میں برف کی سینکائی منافع بخش ہوتی ہے۔
موچ آنے پر
٭پان کا پتاّ یا آم کے پتے کو چکنا کر کے اس پر نمک لگا کر موچ والی جگہ پر باندھنے سے بہت فائدہ ہوتا ہے۔
اچانک ہاتھ جل جائے تو
٭کچن میں کام کرتے یا کپڑے پریس کرتے ہوئے اچانک ہاتھ جل جائے یا سینک لگ جانا عام بات ہے۔ ایسے میں فوری طور پر اس جگہ پر ٹھنڈا دہی لگائیں۔
٭پیاز کو بیچ میں سے آدھا کاٹیں اور اسے اس وقت تک ملیں جب تک جلن ختم نہ ہو جائے۔
٭ ٹوتھ پیسٹ کا جلی ہوئی جگہ پر فوری طور پر لیپ کریں۔ جلن سے تو آرام ملے گا ہی ساتھ ہی چھالے بھی نہیں پڑیں گے۔
شہد کی مکھی ڈنک مار جائے تو
٭سرکہ اور لیموں کا رس ملا کر اسے روئی کے پھاہے میں ڈبو کر لگائیں-
٭کھانے والے میٹھے سوڈے میں تھوڑا سا پانی ملا کر لگائیں درد سے راحت ملے گی۔
٭ڈنک والی جگہ پر ماچس کا مسالہ یا لوہا رگڑ دیں۔
بچے کو پیٹ میں درد ہو رہا ہو
٭چھوٹے بچوں کے پیٹ میں درد ہونے پر ہینگ کو پانی میں گھول کر بچوں کی ناف کے اردگرد اس کا لیپ کرنے سے درد میں راحت ملتی ہے۔
No comments:
Post a Comment